ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ 2024ء میں 925 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا اور سیکڑوں کو گرفتار کیا، 27 افغانوں سمیت 73 ہائی ویلیو دہشتگردوں کو بھی ہلاک کیا، 383 فوجی جوان اور افسران نے جام شہادت نوش کیا، دہشتگردی کیخلاف جنگ آخری شرپسند کے مارے جانے تک جاری رہے گی۔
جی ایچ کیو راولپنڈی میں پریس بریفنگ کے دوران ڈی جی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے سال 2024ء میں خارجیوں اور دیگر دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کی تفصیلات بتائیں۔
انہوں نے بتایا کہ 2024ء میں مختلف آپریشنز اور کارروائیوں میں 925 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا، 59 ہزار 775 آپریشنز کیے گیے، سیکڑوں دہشتگرد گرفتار بھی ہوئے، 73 ہائی ویلیو دہشتگرد ہلاک ہوئے، 27 افغان دہشتگرد بھی مارے گئے، یہ 5 سال میں مارے جانے والے دہشتگردوں کی سب سے بڑی تعداد ہے، 2024ء میں 383 فوجی جوان، افسران شہید ہوئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ افغان خود کش بمباروں کو بھی حراست میں لیا، بلوچستان سے گرفتار خواتین خودکش بمباروں نے کئی انکشافات کیے۔
انہوں نے بریفنگ میں بتایا کہ دہشتگردی کیخلاف طویل جنگ لڑی اور لڑرہے ہیں، آخری دہشتگرد کے مارے جانے تک جنگ جاری رہے گی، 2024ء میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف 59 ہزار 775 کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر 165 سے زائد آپریشنز کیے جارہے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ریاستی اداروں کی بہترین حکمت عملی کے نتیجے میں 14 مطلوب دہشت گرد قومی دھارے میں شامل ہوگئے، قبائلی اضلاع میں 72 فیصد علاقے کو بارودی سرنگوں سے پاک کردیا گیا۔