ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد خصوصی ایلچی رچرڈ گرینیل کے پاکستانی نیوکلئیر اثاثوں اور عمران خان کی رہائی سے متعلق تبصروں پر بات کرنے سے انکار کردیا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ انفرادی حیثیت میں دیے گئے کسی کے بیان پر تبصرہ نہیں کرسکتے، ایسے بیانات تعلقات کیلئے ٹھیک نہیں۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ برابری کی بنیاد پر اچھے تعلقات کا خواہاں ہے، ہم دونوں ملک ایک دوسرے کے داخلی معاملات میں عدم مداخلت کے پابند ہیں، پاکستان اپنے شہریوں کی حفاظت کیلئے پرعزم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں جوڈیشل ریویوسسٹم موجود ہے فیصلوں پرنظرثانی اعلیٰ عدالتوں میں کی جاتی ہے، پاکستان انسانی حقوق قوانین سےمتعلق اپنے کمٹمنٹ پرقائم ہے، یورپی یونین کے ساتھ ایک مضبوط اشتراکی تعلق ہے جو جاری رکھیں گے، پاکستان کے قوانین میں اتنی طاقت ہے کہ اندرونی معاملات کے ساتھ نمٹ سکے، جی ایس پی پلس پر خبریں کہاں سے آ رہی ہیں ہم نہیں جانتے۔