قائد اعظم محمد علی جناح کے 148 ویں جنم دن کے موقع پر قائد ریزڈینسی زیارت میں پرچم کشائی کی ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔،تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلٰی بلوچستان سرفراز احمد بگٹی تھے۔
تقریب میں کمانڈر 12 کورلیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان، آئی جی ایف سی (نارتھ) میجر عابد مظہر،سول و ملٹری حکام نے شرکت کی۔
صوبائی وزراء،ممبر قومی و صوبائی اسمبلی، قبائلی عمائدین، شہداء فیملیز، شہریوں اور اسکولز کے طلباء و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی،تقریب میں مہمان خصوصی کو سلامی پیش کی گئی اور پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی۔
بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے افکار اور پاکستان بنانے میں انکے کردار پر روشنی ڈالی گئی، تقریب میں بچوں کی جانب سے تقاریر اور ٹیبلوز پیش کیے گئے۔ بلوچ اور پشتون سنگرز نے روایتی گیت گائے۔
آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) میجر جنرل عابد مظہر نےمہمانوں کو خوش آمدید کہا،2013 میں دہشتگردوں نے قائد ریزیڈنسی کو نقصان پہنچایا۔ ایف سی نے یہاں سیکیورٹی کے فرائض سنبھالے اور اب یہاں امن قائم ہے۔
ایف سی بلوچستان سیکیورٹی فرائض کے ساتھ ساتھ صوبے کی عوام کیلئے صحت، تعلیم اور قدرتی آفات میں ہمیشہ پیش پیش رہی،وزیر اعلٰی بلوچستان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اس تقریب میں شرکت کرنے پر فخر ہے۔
بلوچوں نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے،دہشتگرد کبھی بھی اپنے مزموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونگے،بلوچستان سے دہشتگردی اور کرپشن کی لعنت کو ختم کریں گے،شرکاء نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تقریب میں شرکت کرکے بہت خوشی ہوئی،یہ ایک بہت اچھا ایونٹ تھا۔ ایسی تقاریب امن و سلامتی کی ضامن ہیں۔