وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کہتے ہیں ملک میں پاسپورٹ کا بیک لاگ ختم ہوچکا، اب شہریوں کو بروقت پاسپورٹ ملے گا، 14 سے 16 شہروں میں نادرا کے دفاتر 24 گھنٹے کام کررہے ہیں، 7 سے 8 روز میں وہاں بھی پاسپورٹ کاؤنٹرز بنا دینگے۔ وفاقی وزیر نے پاسپورٹ آفس کے باہر مافیا کے خاتمے کیلئے ایف آئی اے کے ذریعے کریک ڈاؤن کا بھی اعلان کردیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں جدید امیگریشن اور پاسپورٹ آفس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں پاسپورٹس کا بیک لاگ ختم ہوچکا، کچھ عرصہ قبل پاسپورٹ آفسز میں 6، 6 ماہ کا بیک لاک بھی رہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ 14 سے 16 شہروں میں نادرا دفاتر 24 گھنٹے فعال رہتے ہیں، 7 سے 8 روز میں وہاں بھی پاسپورٹس کے کاؤنٹرز بنائیں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ ایف آئی اے پاسپورٹ مافیا کیخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کررہی ہے، پاسپورٹ آفس کے باہر مافیاز کو ختم کریں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ میرے بس میں ہوتا تو اتھارٹی کا اعلان کرکے جاتا لیکن اس سے بہت سارے محکمے منسلک ہیں، پاسپورٹ اتھارٹی کا قیام ہی ادارے کا واحد حل ہے، بیساکھیوں کا خاتمہ اتھارٹی کے قیام سے ہی ممکن ہوگا، ہم کسی نہ کسی طرح اس ادارے کو اتھارٹی بنوائیں گے۔