اے این ایف نے منشیات اسمگلنگ کے خلاف مختلف کارروائیوں کے دوران چار ملزمان کو گرفتار کرکے کروڑوں روپےمالیت کی منشیات برآمد کرلی۔
اے این ایف نےمنشیات اسمگلنگ کےخلاف ملک بھرمیں سات کامیاب کارروائیاں کیں،ترجمان کےمطابق کارروائیوں کےدوران چارکروڑ سےزائد مالیت کی ایک سو انچاس کلو سے زائدمنشیات برآمدکی گئی،پشاور ایئرپورٹ پرجدہ جانے والے مسافر کے پیٹ سے ہیروئن بھرے تیس کیپسول برآمد کیے گئے ۔
اسلام آباد میں ایک پارک کے قریب پارسل سےاکتیس نشہ آورگولیاں برآمد کر کے ملزم کوگرفتار کر لیا گیا۔ کراچی میں کوریئر آفس سے آسٹریلیا کے لیے بک کیے گئے پارسل سے ڈیڑھ سو گرام آئس برآمد ہوئی۔
بلوچستان کےضلع چاغی میں چھپائی گئی نوے کلو افیون اوردس کلو ہیروئن برآمد کی گئی جب کہ پسنی کے غیرآباد علاقے سے پینتالیس کلو چرس بھی برآمد کی گئی۔
حیدرآباد میں ایک ملزم سے تین کلو چرس برآمد ہوئی اور اقبال شہید ٹول پلازہ اٹک کے قریب موٹر سائیکل سوار سےایک کلو ہیروئن اورپانچ سوگرام آئس ضبط کی گئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔