پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے خلاف بنائے جانے والے تمام کیسز فراڈ ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ( ن ) کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف بنائے گئے تمام کیسز فراڈ ہیں جس کے شواہد عوام کے سامنے آچکے ہیں۔
نواز شریف کی حفاظتی ضمانت سے متعلق اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ یہ کوئی عجوبہ نہیں، عدالتیں انصاف پر مبنی فیصلے دے رہی ہیں۔
یاد رہے کہ جمعرات کو احتساب عدالت کی جانب سے توشہ خانہ کیس اور اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں مسلم لیگ ( ن ) کے قائد نواز شریف کی حفاظتی ضمانتیں منظور کی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں۔ نواز شریف کی العزیزیہ ، ایون فیلڈ ریفرنس میں حفاظتی ضمانت منظور، توشہ خانہ کیس میں وارنٹ معطل
احتساب عدالت اور اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے قومی احتساب بیورو ( نیب ) کو نواز شریف کو وطن واپسی پر گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا گیا۔
اسحاق ڈار نے نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے بتایا کہ وہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مختصر قیام کریں گے جس کے بعد لاہور روانہ ہوں گے اور وہاں مینار پاکستان پر منعقدہ جلسے سے خطاب کریں گے۔
اس موقع پر صحافی کی جانب سے پوچھا گیا کہ نواز شریف اسلام آباد ائیر پورٹ پر اتریں گے یا نور خان ایئر بیس ؟، جس کے جواب میں سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ وہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر جگہ کا نام نہیں بتا سکتے۔
یہ بھی پڑھیں۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی واپسی کیلئے سکیورٹی اور ٹریفک پلان تشکیل دیدیا گیا
یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف لندن میں طویل قیام کے بعد 21 اکتوبر کو پاکستان واپس آرہے ہیں اور مسلم لیگ ( ن ) کی جانب سے ان کے استقبال کے حوالے سے تیاریاں جاری ہیں۔