جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 13 خوارج ہلاک ہوگئے، آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 13 خوارج ہلاک ہوگئے، مرنے والے دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کسی اور خارجی کو ختم کرنے کیلئے سینیٹائزیشن آپریشن کیا جارہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی وزیرستان میں 13 خوارجیوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے، قوم کو سیکیورٹی فورسز کے نڈر نوجوانوں پر فخر ہے، ملک سے فتنہ الخوارج اور دہشتگردی کے خاتمے تک دہشتگردوں کیخلاف جنگ جاری رہے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جنوبی وزیرستان میں کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو سراہا۔ ان کا کہنا ہے کہ آپریشن میں 13 خوارج کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ بہادر سیکیورٹی فورسز نے بروقت آپریشن کرکے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا، بہادر سیکیورٹی فورسز پر قوم کو ناز ہے، پاکستان کے عوام سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں، سیکیورٹی فورسز کی کامیابیوں کو قوم تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے، انشاءاللہ عوام کی حمایت سے خوارج کا مکمل خاتمہ کریں گے۔