حکومت کی جانب سے حج اسکیم سے متعلق اہم فیصلہ سامنے آیا ہے، سرکاری حج اسکیم کے تحت فی حاجی 11 لاکھ روپے وصول کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وفاقی کابینہ کو 2024 کی حج پالیسی منظوری کے لئے بھیج دی گئی ہے،ڈالر کا بوجھ کم کرنے کے لئے اسپانسرشپ اسکیم آئندہ برس بھی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
آئندہ حج پر 28 ملین ڈالر خرچ ہوں گے اور اسپانسر شپ سکیم کے تحت 10 ہزار عازمین حج کر سکیں گے۔اس اسکیم کے تحت حج اخراجات کیلئے رقم ڈالروں میں وصول کی جائے گی۔
واضح رہےکہ نگراں حکومت نے دو ماہ قبل اعلان کیا تھا کہ حج 2024 کے لیے قلیل المدتی حج سکیم متعارف کرائی جائے گی، جس کے تحت حاجی کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں تقریباً 20 دن قیام کرنا ہوگا جبکہ اس مختصر مدت کے اخراجات -ٹرم حج سکیم بھی کم ہوگی،تاہم حکومت نے ابھی اس نئی متعارف کرائی گئی سکیم کی لاگت کا اعلان نہیں کیا ہے۔
واضح رہےکہ عام حج اسکیم میں ایک پاکستانی حاجی 40 دن سے زائد سعودی عرب کے دونوں مقدس شہروں میں قیام کرتا ہے۔