بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ 2 کیس میں پراسیکیوشن کے پہلے دو گواہوں کے بیانات قلمبند ہوگئے اور جرح بھی مکمل کر لی گئی ۔
ہفتے کے روز اڈیالہ جیل راولپنڈی میں اسپیشل جج سنٹرل شاہ رخ ارجمند نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت کی جس کے دوران پراسیکیوشن کے گواہ ، کیبنٹ ڈویژن کے آفیسر میثم نے بانی پی ٹی آئی کی بطور وزیراعظم تعیناتی کا نوٹیفکیشن عدالت پیش کیا۔
دوسرے گواہ اسٹیٹ بینک کے جوائنٹ ڈائریکٹر ملک ساجد نے 2018 اور 2021 میں ڈالر اور یورو کے آفیشل ریٹس عدالت میں جمع کروائے۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل قوسین فیصل مفتی اور بشریٰ بی بی کے وکیل ارشد تبریز نے گواہوں پر جرح کی۔
کیس کی آئندہ سماعت 26 دسمبر کو ہوگی جس میں استغاثہ کے مزید دو گواہوں احد اور بنیامین کے بیانات قلمبند ہوں گے ۔