جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر خوارج کے حملے کی کوشش میں 8 خوارج ہلاک جبکہ 16 جوان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق خوارج نے مکین میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش کی جسے فورسز نے ناکام بناتے ہوئے 8 خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 16 جوان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں مزید دہشتگردوں کی موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور دہشتگردی کی مذموم کارروائی میں ملوث دہشتگردوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں اور بہادر جوانوں کی قربانیاں دہشتگردی کیخلاف عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
شہدا کا تعارف
30 سالہ لانس نائیک لیاقت علی شہید کا تعلق ضلع کرم سے ہے جبکہ انہوں نے 11 سال پاک فوج میں دفاع وطن کا فریضہ انجام دیا۔
31 سالہ لانس نائیک محمد اسحاق شہید ضلع کرک کے رہائشی ہیں اور انہوں نے 9 سال پاک فوج میں ذمہ داریاں نبھائیں۔
38 سالہ حوالدار ایوب خان شہید کا تعلق ضلع اٹک سے ہے اور انہوں نے اپنی زندگی کے 15 سال پاک فوج کو دیئے۔
40 سالہ حوالدار عمر حیات شہید کا تعلق ضلع کوہاٹ سے ہے اور انہوں نے 17 سال تک پاک فوج میں رہتے ہوئے دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا۔
26 سالہ سپاہی محبوب رحمان شہید کا تعلق ضلع ٹانک سے ہے اور انہوں نے اپنی زندگی کے 8 سال پاک فوج کو دیئے اور وطن کا دفاع کیا۔
37 سالہ حوالدار محمد حیات شہید بنوں کے رہائشی ہیں اور انہوں نے 17 سال پاک فوج میں ذمہ داریاں نبھائیں۔
26 سالہ لانس نائیک شیر محمد شہید کا تعلق ضلع مالاکنڈ سے ہے اور انہوں نے اپنی زندگی کے 7 سال پاک فوج کو دیئے۔
22 سالہ سپاہی احسان الحق شہید کا تعلق ضلع لوئر دیر سے ہے جنہوں نے 4 سال پاک فوج میں رہتے ہوئے وطن کا دفاع کیا۔
25 سالہ سپاہی جنید شہید کا تعلق ضلع خیبر سے ہے جنہوں نے اپنی زندگی کے 3 سال پاک فوج کو دیئے۔
29 سالہ لانس نائیک حامد علی شہید کا تعلق ضلع صوابی سے ہے اور انہوں نے اپنی زندگی کے 8 سال پاک فوج کو دیئے۔
26 سالہ سپاہی کلیم اللہ شہید ضلع لکی مروت کے رہائشی ہیں اور انہوں نے 3 سال تک پاک فوج میں رہتے ہوئے خدمات سرانجام دیں۔
41 سالہ حوالدار طاہر محمود شہید کا تعلق ضلع کوہاٹ سے ہے اور انہوں نے 18 سال پاک فوج میں رہتے ہوئے وطن کا دفاع کیا۔
29 سالہ لانس نائیک مصور شاہین شہید ضلع کوہاٹ کے رہائشی ہیں اور انہوں نے 7 سال تک پاک فوج میں خدمات سرانجام دیں۔
22 سالہ سپاہی فیض محمد شہید کا تعلق ضلع مانسہرہ سے ہے اور انہوں نے اپنی زندگی کے 4 سال پاک فوج کو دیئے۔
23 سال سپاہی طیب علی شہید کا تعلق ضلع ہری پور سے ہے اور انہیں پاک فوج میں بھرتی ہوئے صرف ایک سال کا عرصہ ہوا تھا جبکہ انہوں نے سوگواران میں والدین چھوڑے۔
26 سالہ سپاہی جنید شہید کا تعلق ضلع شانگلہ سے ہے جنہوں نے پاک فوج میں 4 سال تک دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا اور سوگواران میں والدین اور اہلیہ چھوڑے۔