عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت کردار پر عالمی میڈیا معترف ہے۔
امریکی اخبار شکاگو ٹریبیون میں معروف امریکی ملٹری ایڈوائزر جان روزن برگ نے اپنے آرٹیکل میں پاکستان کے عالمی سطح پر مثبت کردار کو سراہا۔
اپنے آرٹیکل میں شکاگو ٹریبیون نے کہا کہ خطے میں تنازعات کے حل اور تعمیر و ترقی کے عالمی معاہدوں میں پاکستان کا ہمیشہ اہم و مثبت کردار رہا ہے، دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں پاکستان کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔
امریکی اخبار کے مطابق محفوظ عالمی بحری تجارت میں بھی پاکستان کا اہم کردار نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، عالمی و خطے کے امن کے لیے پاکستان نے دہشت گردی کی جنگ میں کسی سے بھی بڑھ کر قربانیاں دی ہیں۔
آرٹیکل میں بتایا گیا کہ عالمی امن کی خاطر پاکستان اب تک 153 ارب ڈالر کا معاشی نقصان برداشت کر چکا ہے، دہشت گردی کی عالمی جنگ میں پاکستان کا کردار دنیا کی نظروں سے اوجھل نہیں ہونا چاہیے۔
امریکی اخبار اپنے آرٹیکل میں لکھا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تین لاکھ سے زائد فوج تعیینات کرنے والا پہلا ملک ہے، پاکستان انتہائی مشکل معاشی حالات کے باوجود سالانہ دو ارب ڈالر انسداد دہشت گردی آپریشنز پر خرچ کر رہا ہے، یہ انسداد دہشت گردی آپریشن نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کے لیے انتہائی اہم ہیں۔
آرٹیکل میں شکاگو ٹریبیون نے کہا کہ پاکستان کے بہادر سپاہیوں نے 541 دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے، حالیہ آپریشنز میں پاکستان کی بہادر افواج نے 153 فوجی جوانوں اور افسروں کی قربانیاں دی ہیں۔
ٹریبیون کا کہنا تھا کہ افغان نیشنل آرمی کے سابق ملٹری ایڈوائزر نے آرٹیکل میں پاکستان کے سیاسی حالات کا بھی احاطہ کیا، پاکستان ایک پھلتی پھولتی جمہوریت ہے، پاکستان میں باقاعدگی سے انتخابات کا انعقاد ہوتا ہے۔
آرٹیکل میں کہا گیا کہ اقوام متحدہ کے امن مشن میں بھی پاکستان کا کردار دیگر ممالک سے کہیں بڑھ کر ہے، پاکستانی قوم کو ہمیشہ غلط سمجھا گیا، جو حقیقت میں استقامت اور جمہوری ترقی کی عکاس ہے۔
امریکی اخبار اپنے آرٹیکل میں مزید لکھا کہ پاکستان کو منفی نظر سے دیکھنا اس کی عالمی امن کے لیے خدمات کو فراموش کرنے کے مترادف ہے، وقت آ گیا ہے عالمی برادری پاکستان کو متوازن نظر سے دیکھے۔