چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ پاکستان کی عزت ہے، ایونٹ کےلئے ہر طرح کی تیاریاں مکمل ہیں۔
چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت گورننگ بورڈ کا 76 واں اجلاس ہوا، اجلاس میں گورننگ بورڈ کے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ شرکاء کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ پر اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔
گورننگ بورڈ کو قذافی سٹیڈیم، نیشنل سٹیڈیم اور راولپنڈی سٹیڈیم کی تعمیر نو پر ہونے والی پیش رفت کے بارے بریفنگ دی گئی، چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے گورننگ بورڈ کو چیمپئنز ٹرافی سے متعلق اعتماد میں لیا۔ گورننگ بورڈ کے اراکین نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے متعلق چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کے اصولی موقف کوسراہا۔
چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پہلے دن سے ہی پاکستان اور کرکٹ کی جیت کی بات کر رہا ہوں،ی سی بی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے ہر لحاظ سے تیار ہے۔ چیمپئنز ٹرافی کے لئے ہر طرح کی تیاریاں مکمل ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کے اصولی موقف کو ہر کسی نے سراہا ہے، چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ پاکستان کی عزت ہے، کوئی حرف نہیں آنے دیں گے۔ تمام ٹیموں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہیں گے، پاکستانی تمام ٹیموں کو اپنے گراؤنڈز پر کھیلتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرکٹ میں سیاست کے خلاف ہوں، کھیل کو کھیل رہنا چاہیے، یہ وہ کھیل ہے جس سے کروڑوں شائقین محبت کرتے ہیں۔
پاک بھارت میچز دبئی میں ہوں گے
دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے براڈکاسٹرز کو آگاہ کردیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں پاک بھارت میچز دبئی میں ہونگے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کی طرف سے پاک بھارت میچز کولمبو میچز کروانے سے متعلق تجویز آئی سی سی نے مسترد کردی اور آئی سی سی نے لوکل براڈکاسٹرز کو دوسرے وینیو سے متعلق آگاہ کردیا۔ براڈکاسٹرز ذرائع کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں پاک بھارت میچز دبئی میں ہونگے۔
چیمپئنز ٹرافی کے ابتدائی شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ کا آغاز 19 فروری سے متوقع ہے۔ ایونٹ کا سب سے بڑا پاک بھارت ٹاکرا یکم مارچ کو دبئی میں ہوگا۔ بھارت کے سیمی فائنل اور فائنل میں پہنچنے کی صورت میں میچز دبئی میں ہوں گے، اگر بھارت ناک آؤٹ مرحلے میں نہیں پہنچتا تو میچز لاہور میں ہوں گے۔