انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارت اور پاکستان کے آئی سی سی میچز کے لیے نیوٹرل وینیو کی تصدیق کر دی۔
آئی سی سی اعلامیے کے مطابق پاکستان اور بھارت آئندہ 3 سال تک ایک دوسرے کے ملک میں نہیں کھیلیں گے۔ چیمپئنز ٹرافی پاکستان اور نیوٹرل وینیو پر کھیلی جائے گی۔ چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول جلد جاری کیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق بھارت اور پاکستان کے میچز 2024-27 سائیکل کے دوران نیوٹرل وینیوز پر ہوں گے، پاکستان 2025 اور 2026 کے میگا ایونٹس کیلئے بھارت نہیں جائے گا۔
اس ماڈل کے تحت 8 ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں صرف بھارت کے میچز پاکستان کے علاوہ کسی دوسرے مقام پر کھیلے جائیں گے۔2027 تک کے تمام آئی سی سی ایونٹس ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہی کھیلیں جائیں گے اور اس دوران پاکستان بھی بھارت کا دورہ نہیں کرے گا اور بھارتی کی میزبانی میں ہونے والے تمام ایونٹس میں پاکستان کے میچز بھی نیوٹرل وینیو پر کھیلے جائیں گے۔
آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2028 کی میزبانی بھی پاکستان کو مل گئی۔ 2028 کا ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پاکستان میں ہوگا۔ ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کے مقابلے بھی نیوٹرل وینیو پر ہوں گے۔
ترجمان آئی سی سی کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا 2029 سے 2031 کے دوران آئی سی سی خواتین ایونٹس کی میزبانی کرے گا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 1996 اور 2008 کے ایشیا کپ کے بعد پاکستان کو ایک عرصے بعد پہلی بار چیمپئنز ٹرافی 2025 کی صورت میں آئی سی سی کے کسی بڑے ایونٹ کی میزبانی ملی ہے، جس کے تمام میچز اگلے سال 19 فروری سے 19 مارچ تک پاکستان کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان اس چیمپئنز ٹرافی میں دفاعی چیمپئن کے طور پر شریک ہوگا، آخری بار چیمپئنز ٹرافی 2017 میں ہوئی تھی جو پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں جیتی تھی۔