چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد پر فریقین کے درمیان ڈیڈلاک ختم ہوگیا، ٹورنامنٹ میں بھارت کے میچز نیوٹرل وینیو پر ہوں گے۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور بھارتی بورڈ کے درمیان اس معاہدے پر اتفاق ہوا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے میچز نیوٹرل وینیو پر ہوں گے۔ پاکستان بھی بھارت میں ہونے والے ایونٹس نیوٹرل مقام پر کھیلے گا۔
چیمپئنز ٹرافی، 2025 خواتین ون ڈے ورلڈ کپ اور 2026 مردوں کے ٹی20 ورلڈ کپ پر فیوژن فارمولا لاگو ہوگا۔ میزبان بورڈ نیوٹرل وینیو تجویز کرے گا جبکہ آئی سی سی کی منظوری ضروری ہوگی۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان اگلے تین سال تک آئی سی سی ایونٹس کے میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلے جائیں گے۔
رپورٹ کے مطابق آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2028 کی میزبانی بھی پاکستان کو مل گئی۔ 2028 کا ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پاکستان میں ہوگا۔ ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کے مقابلے بھی نیوٹرل وینیو پر ہوں گے۔
دوسری جانب بھارت اور پاکستان کے درمیان تین ملکی ٹی20 سیریز نیوٹرل وینیو پر ہونے کا امکان ہے، آئی سی سی نے تین یا چار ملکی ٹی20 سیریز کی تجویز پر اعتراض نہیں کیا، پاکستان کو بھارت کے میچز کی میزبانی نہ کرنے پر کمپنسیشن کے لیے تین ملکی سیریز کی تجویز زیر غور کیا گیا ہے۔