وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ملک میں امن وامان کا قیام حکومت کی ترجیح ہے۔
جمعرات کے روز وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جماعت اسلامی کے ہیڈ کوارٹرز منصورہ آمد ہوئی جہاں انہوں نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن سے ملاقات کی اور ملک میں امن وامان کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران بلوچستان اور خیبرپختونخوا خصوصاً کرم کے حالات پر بھی گفتگو ہوئی۔
وزیر داخلہ نے آئی پی پیز سے معاہدوں کے حوالے سے بھی امیر جماعت اسلامی کو آگاہ کیا جس پر انہوں نے کے الیکٹرک سے متعلق تجاویز پیش کیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ملک میں امن وامان کا قیام حکومت کی ترجیح ہے، حکومت کرم کے معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو فلسطین کے معاملے پر اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے جس پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان نے ہر فورم پر مسلہ فلسطین کو اجاگر کیا ہے۔