پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) اور حکومت کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے معاملات 9 مئی اور 26 نومبر کو ایک طرف رکھ کر آگے بڑھنے چاہییں۔
سماء کے پروگرام ’ ندیم ملک لائیو ‘ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پی پی رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ مذاکرات کا معاملہ آگے بڑھنا چاہیے، حکومت کو اب مذاکرات کے معاملات 9 مئی اور 26 نومبر کو ایک طرف رکھ کر آگے بڑھنے چاہئیں۔
قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ سول نافرمانی غداری کے مرتکب ہونے والی بات ہوتی ہے، تھریٹ کر کے نہ چلیں ، دونوں کو کھلے دل کے ساتھ بیٹھنا چاہیے جبکہ صدر مملکت آصف زرداری مذاکرات کا خیرمقدم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بیرسٹر گوہر نے مثبت بات کی کہ شرائط نہیں ہونی چاہئیں تاہم، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد بیرسٹر علی ظفر نے کچھ شرائط کی بات کی، پی ٹی آئی اپنے لیے مشکلات پیدا کر کے اب مذاکرات کیلئے آگے آئی ہے ۔