کراچی کے شہریوں کیلئے بُری خبر، بجلی کی قیمتوں میں مزید 3 روپے 2 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے، نیپرا پہلے ہی 4.45 روپے فی یونٹ اضافے کی درخواست منظور کرچکا ہے۔ کے الیکٹرک کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دوسری بار بجلی مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت مکمل ہوگئی، نیپرا نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔
بجلی کی قیمتوں میں آئے روز اضافے پر کراچی کے شہری کے الیکٹرک پر برس پڑے۔
کے الیکٹرک کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 3 روپے 2 پی فی یونٹ اضافے کی درخواست پر سماعت کے دوران کے الیکڑک حکام نے مؤقف اپنایا کہ سی پی پی اے کے کیپسٹی چارجز میں اضافے کا اثر آیا ہے، اس لئے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دوسری بار اضافہ کرنا پڑ رہا ہے۔
نمائندہ کراچی چیمبر آف کامرس نے کہا کیپسٹی چارجز ایک ہزار ارب سے بڑھ کر دو ہزار 100 ارب سے تجاوز کرچکے، نیپرا اس چیز کو بھی دیکھے۔ کراچی کے شہریوں کا کہنا تھا آئے روز بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے کاروبار ٹھپ ہوگئے ہیں۔
نیپرا نے فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکڑک کا ملٹی ایئر ٹیرف ابھی تک منظور نہیں ہوا، ٹیرف میں اضافہ ہوا تو نیپرا اپنے پاس ہی رکھے گا، یہ ایڈجسٹمنٹ نیا ٹیرف آنے کے بعد وصول کی جائے گی، اعداد و شمار کا جائزہ لے کر فیصلہ جاری کیا جائے گا۔
نیپرا گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 4 روپے 45 پیسے اضافہ منظور کر چکا، اگر دوسری درخواست بھی منظور ہوگئی تو کراچی کے صارفین کیلئے بجلی 7 روپے 47 پیسے فی یونٹ مہنگی ہوجائے گی۔
پاور ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی کیلئے بجلی 4.45 روپے فی یونٹ مہنگی کردی گئی ہے۔
نیپرا کے فیصلے کے بعد جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اضافہ گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے، کے الیکٹرک صارفین سے اضافی وصولیاں اکتوبر اور نومبر 2023ء میں کی جائیں گی ۔
رپورٹ کے مطابق کے الیکٹرک کیلئے فی یونٹ بجلی 1.49 روپے سے 4.45 روپے مہنگی کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق اس وقت کے الیکٹرک کا گھریلو صارفین کیلئے زیادہ سے زیادہ ٹیرف 47 روپے 17 پیسے فی یونٹ ہے جو بڑھ کر 50 روپے 19 پیسے فی یونٹ تک جاپہنچے گا۔