وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں آج تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کردیا گیا۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد عرفان نواز میمن ، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ اور ڈی سی لاہور سید موسٰی رضا کی طرف سے آج کی چھٹی کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کیے گئے ہیں جبکہ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ذوالقرنین لنگڑیال کہتے ہیں سانحہ آرمی پبلک سکول ( اے پی ایس ) کے شہدا کی یاد میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔
اسلام آباد
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں تعلیمی اداروں کی بندش کا اعلان تو کیا گیا ہے لیکن کوئی بھی وجہ نہیں بتائی گئی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 16 دسبمر بروز کو وفاقی دارالحکومت میں تعلیمی اداروں میں تعطیل ہوگی۔
راولپنڈی
ڈی سی راولپنڈی حسن وقار چیمہ کی جانب سے بھی چھٹی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جس کے مطابق آج ضلع بھر کے تعلیمی اداروں میں چھٹی ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 16 دسمبر کو راولپنڈی کے تمام نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے بند رہیں گے جبکہ تعلیمی اداروں میں ہونے والا پرچہ بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔
ڈی سی راولپنڈی کی جانب سے بھی جاری کردہ نوٹیفکیشن میں چھٹی کی وجہ نہیں بتائی گئی۔
تاہم، سما کے پوچھنے پر راولپنڈی ضلعی انتظامیہ کے حکام کا کہنا تھا امن و امان کی صورتحال کے باعث ضلع بھر میں 16 دسمبر بروز پیر کو تعلیمی ادارے بند رہیں گے ۔
لاہور
صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی آج سرکاری اور نجی اسکولز و کالجز بند رکھنے کا اعلان ہوا۔
ڈپٹی کمشنر لاہور آفس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق لاہور میں آج تمام سرکاری اور نجی اسکولز و کالجز بند رہیں گے، تاہم تمام جامعات کھلی رہیں گی۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کا بیان
اس حوالے سے ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا کا کہنا تھا کہ 16 دسمبر کو لاہور شہر کے تمام پبلک و پرائیویٹ سکول و کالجز بند رہیں گے لیکن تمام یونیورسٹیاں کھلی رہیں گی اور گورنمنٹ و پرائیویٹ سکول و کالجز میں چھٹی کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
ڈی سی لاہور نے کہا کہ سقوطِ ڈھاکہ اور اے پی ایس سانحہ پشاور کے شہداء کی یاد میں چھٹی کا اعلان کیا گیا، شہدائے آرمی پبلک سکول کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے، 16 دسمبر 2014 کا سانحہ بہت گہرا زخم ہے جس کا بھرپانا ممکن نہیں ہے۔
سید موسیٰ رضا کا کہنا تھا کہ سانحہ پشاور میں بچوں کی شہادت نے قوم کو مضبوط اور متحد کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جلد ایک پر امن ملک ہو گا، 16 دسمبر 1971 پاکستان کے لئے انتہائی اہم ہے کیونکہ اسی تاریخ کو سقوط ڈھاکہ کا سانحہ پیش آیا، اس روز پاکستان کا ایک اہم حصہ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں الگ ہوا۔
سیالکوٹ
سیالکوٹ کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھی آج اسکولز اور کالجز میں چھٹی کا اعلان کیا گیا۔
ڈی سی سیالکوٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 16 دسمبر کو تمام پبلک و پرائیویٹ سکول و کالجز بند رہیں گے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس پشاور کے شہدا کی یاد میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔