سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (SNGPL) نے موسم سرما میں گیس کے کم دباؤ اور قلت کے باعث گھریلو صارفین کے لیے گیس کی فراہمی کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔
شیڈول کے مطابق، صارفین کو دن بھر میں تین مختلف اوقات میں گیس فراہم کی جائے گی تاکہ گیس کی مکمل دباؤ کے ساتھ فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس اقدام کا مقصد گھریلو صارفین کو اپنے روزمرہ کے کام، خاص طور پر کھانا پکانے کی منصوبہ بندی کرنے میں سہولت فراہم کرنا ہے۔
گیس کی فراہمی کے اوقات:
گھریلو صارفین کو دن میں تین مختلف اوقات میں گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی جس دوران کھانا پکانا یا دیگر معاملات کو نمٹایا جایا جا سکے گا۔ گیس کی فراہمی صبح چھ بجے سے نوبجے تک، دوپہر 12 بجے سے 2 بجے تک، شام چھ بجے سے 9 بجے تک ہو گی۔
ایس این جی پی ایل کے حکام کے مطابق، حکومت کی ہدایات پر گیس کی فراہمی کے اوقات کو تبدیل کیا گیا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ مذکورہ اوقات میں تمام علاقوں میں گیس مکمل دباؤ کے ساتھ فراہم کی جائے گی۔
موسم سرما میں گیس کا استعمال بڑھ جاتا ہے، خاص طور پر حرارت فراہم کرنے والے آلات جیسے بوائلرز اور ہیٹرز کے لیے۔ اس کے علاوہ، سردی کے باعث کم روشنی کے دورانیے اور گھروں میں ناقص موصلیت کی وجہ سے بھی گیس کی کھپت میں اضافہ ہوتا ہے، جس کے نتیجے میں سردیوں کے مہینوں میں گیس کی طلب میں نمایاں اضافہ دیکھا جاتا ہے۔