عماد وسیم کے بعد قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر نے انٹرنیشل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
محمد عامر نےسوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹرپرپیغام میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا،محمدعامرکا کہنا ہے کہ پاکستان کےلیےتینوں فارمیٹس میں کھیلنا اعزاز کی بات ہے،میں جانتا ہوں کہ یہ ایک مشکل فیصلہ ہے لیکن مجھےلگتا ہےکہ یہ اگلی نسل کے لیےذمے داری سنبھالنے اور پاکستان کرکٹ کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کا صحیح وقت ہے۔
محمد عامر نے جون 2009ء میں بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کرنے کے بعد پاکستان کے لیے 36 ٹیسٹ، 61 ون ڈے اور 62 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے۔
عامر نے تینوں فارمیٹس میں 271 بین الاقوامی وکٹیں حاصل کیں اور 1179 رنز بنائے۔ فاسٹ بولر محمد عامر 2009ء کے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والے اسکواڈ کا حصہ تھے۔
خیال رہے کہ محمد عامر کو حال ہی میں ہونے والے ٹی ٹوئٹنی ورلڈ کپ میں انتہائی ناقص کرکردگی کی وجہ سے تنقید کا سامنا تھا۔