سیکیورٹی فورسز نے نو دسمبر سے اب تک خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشنز کے دوران تینتالیس دہشتگردوں کو مار دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں فتنہ خوارج کے خلاف خفیہ اطلاعات پر کامیاب آپریشنز کیے ۔ موسیٰ خیل اور پنجگور میں کارروائیوں کے دوران دس دہشتگرد ہلاک کیے گئے جبکہ نو دسمبر سے جاری مختلف کارروائیوں میں بلوچستان میں پچیس اور خیبرپختونخوا میں اٹھارہ دہشتگرد مارے گئے۔
لکی مروت میں بارہ اور تیرہ دسمبر کی رات کیے گئے آپریشن میں چھ دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ خوارج کے مکمل خاتمے اور امن کی بحالی تک یہ آپریشنز جاری رہیں گے۔ سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔