شامی باغیوں نے معزول شامی صدر بشار الاسد کے والد اور سابق صدر حافظ الاسد کی قبر کو نذر آتش کردیا۔
عرب خبر رساں ادارے الجزیرہ نے ایجنسی فرانس پریس ( اے ایف پی ) کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ شامی باغیوں نے معزول شامی صدر بشار الاسد کے والد اور شام کے سابق صدر حافظ الاسد کے مزار اور ان کی قبر کو نذر آتش کردیا ہے۔
اے ایف پی کی جانب سے لی گئی فوٹیج کے مطابق حافظ الاسد کی قبر کو ان کے آبائی شہر قردہہ میں نذر آتش کیا گیا۔
حافظ الاسد کا مزار الاسد کی علوی برادری کے مرکز لطاکیہ میں واقع ہے۔
اس سے قبل باغیوں کی جانب سے شام بھر میں حافظ الاسد اور ان کے بیٹے اور جانشین بشار کے مجسمے بھی گرائے گئے ہیں۔
حافظ الاسد نے 1970 میں بغاوت کے ذریعے اقتدار سنبھالنے کے بعد تین دہائیوں تک ملک پر حکومت کی تھی اور وہ 2000 میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے۔