بیرون ملک سے کمرشل مقدار میں اشیاء ساتھ لانے پر مکمل پابندی فیصلہ واپس لے لیا گیا۔ ایف بی آر نے بیگج رولز میں ترمیم کے مسودے کا نوٹیفکیشن ویب سائٹ سے بھی ہٹا دیا۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے بیگج رولز 2006 میں مجوزہ ترمیم فی الحال واپس لینے کا فیصلہ لے لیا، چئیرمین ایف بی آر نے رولز میں مجوزہ ترمیم واپس لے کر مشاورت کے بعد دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
ذرائع ایف بی آر کے مطابق چیئرمین ایف بی آر نے ایک سے زائد موبائل فون لانے پر پابندی سے بھی روک دیا، ایف بی آر نے بیگیج اسکیم میں ترمیم سے متعلق مسودہ گزشتہ روز ہی جاری کیا تھا۔
مسودے میں بیرون ملک سے ذاتی استعمال کیلئے ایک موبائل فون لانے کی اجازت کی تجویز تھی،1200 ڈالر سے زائد مالیت کی اشیاء کمرشل تجارت تصور کرنے کی تجویز شامل تھی۔
ایک موبائل فون کے سوا تمام موبائل فون ضبط کرنے کی ترمیم بھی مسودے کا حصہ تھی، اضافی اشیاء ڈیوٹی، ٹیکس یا جرمانہ ادا کرکے بھی کلیئر نہ کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔