پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں 9 روز سے جاری تیزی کو بریک لگ گیا۔
اسٹاک مارکیٹ ایک لاکھ 11 ہزار پوائنٹس کاریکارڈ بناکرمندی کی لپیٹ میں آگئی، ہنڈریڈ انڈیکس 2050 پوائنٹس گر کر 107939پوائنٹس پر آگیا۔ اسٹاک مارکیٹ110000, 109000 اور 108000پوائنٹس کی3 حدیں گنوا بیٹھی۔
یاد رہے کہ آج صبح پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں آج ایک بار پھر زبردست تیزی کا رجحان دیکھا گیا، جس کے نتیجے میں انڈیکس ایک لاکھ 11 ہزار پوائنٹس کی سطح بھی عبور کرگیا ۔ کاروباری ہفتے کے دوسرے دن بازارِ حصص میں 1000 پوائنٹس کی ریکارڈ ساز تیزی کے ساتھ مارکیٹ کا آغاز ہوا، جس سے کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ 11 ہزار پوائنٹس کی نئی تاریخ ساز سطح عبور کرگیا تھا۔
ملک میں مثبت معاشی اشاریوں، نئی مانیٹری پالیسی میں شرح سود میں نمایاں کمی، انفلوز میں بہتری اور اصلاحات پروگرام پر عمل درآمد جاری رہنے سے معیشت درست پر گامزن ہونے جیسے عوامل کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں گزشتہ روز بھی انڈیکس ایک لاکھ 10 ہزار پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پہنچ گیا تھا۔