چترال کے توشی شاشہ کنزروینسی میں امریکی شکاری نے سیزن کے پہلے کشمیر مارخور کا شکار کرلیا۔ شکار کیے گئے مارخور کے سینگوں کی لمبائی اننچاس انچ سے زیادہ ہے۔
امریکی شہری رونالڈ جوویٹن نے اتوار 8 دسمبر کو وائلڈ لائف حکام کے زیرنگرانی پاکستان کے قومی جانور مارخور کا شکار چترال میں تھوشی شاشا کنزروینسی کے مقام پر کیا جبکہ شکار کیے گئے مارخور کی عمر 11 سال جبکہ سینگ کی لمبائی 49.5 انچ ہے۔
وائلڈ لائف حکام کے مطابق امریکی شکاری نے دو لاکھ 71ہزار ڈالرز (ساڑھے 7 کروڑ روپے) میں کشمیر مارخور کے شکار کا پرمٹ حاصل کیا تھا۔ رواں برس اکتوبر میں محکمہ جنگلی حیات خیبر پختونخوا نے صوبے کو الاٹ کیے گئے مارخور کے شکار کے 4 پرمٹس نیلام کیے تھے۔
چترال کے تھوشی ون کنزروینسی اور تھوشی ٹو کنزروینسی کےدونوں پرمٹ ریکارڈ دو لاکھ 71 ہزار فی پرمٹ کے حساب سے فروخت ہوئے تھے۔
محکمہ وائلڈ لائف حکام کے مطابق ٹرافی ہنٹنگ پروگرام کی آمدنی کا 80 فیصد حصہ متعلقہ علاقوں کے رہائشیوں میں تقسیم کیا جاتا ہے جبکہ کمیونٹی ڈویلپمنٹ اور جنگلی حیات کے تحفظ کی سرگرمیوں کے لیے بھی رقم دی جاتی ہے۔