بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف اسلام آباد میں درج مقدمات کی مجموعی تعداد 76 ہوگئی۔
اسلام آباد پولیس نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف مقدمات کی رپورٹ عدالت میں جمع کرادی۔ رپورٹ کے مطابق ڈی چوک احتجاج کے بعد بانی پی ٹی آئی کے خلاف مزید 14 مقدمات درج ہوئے، اس سے قبل بانی پی ٹی آئی کے خلاف اسلام آباد میں 62 مقدمات درج تھے۔
اسلام آباد بانی پی ٹی آئی کے خلاف درج مقدمات کے حصول کی درخواست نمٹا دی گئی، بانی پی ٹی آئی کی بہن نورین نیازی نے تفصیلات کیلئے درخواست دائر کی تھی۔
نیب اور ایف آئی اے کی جانب سے مقدمات کی رپورٹس عدالت میں جمع کروا دی گئیں جبکہ کے پی، سندھ اور بلوچستان کے مقدمات کی رپورٹ بھی عدالت میں جمع کروا دی گئی ہے۔ سیکریٹری داخلہ کی جانب سے صوبوں میں درج مقدمات کی رپورٹ بھی جمع کروائی گئی ہے۔
قبل ازیں گزشتہ مہینے لاہور ہائی کورٹ میں پولیس کی جانب سے پیش رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے خلاف پنجاب میں 54 مقدمات درج ہیں۔ پنجاب پولیس نے عمران خان پر درج مقدمات کی رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں پیش کر دی، جس کے مطابق بانی پی ٹی آئی پر پنجاب بھر میں 54 مقدمات درج ہیں۔