قومی وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے فخر زمان کو دورہ جنوبی افریقا کیلئے اسکواڈز کا حصہ نہ بنانے کی وجہ بتا دی۔
جنوبی افریقا کیخلاف ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کیلئے قومی اسکواڈز کا اعلان کردیا گیا ہے جس میں مایہ ناز اوپنر فخر زمان سمیت فاسٹ اہم کھلاڑیوں کو شامل نہیں کیا گیا۔
قومی ٹیم دورے میں 3 ٹی ٹوئنٹی، 3 ون ڈے اور 2 ٹیسٹ کھیلے گی اور ورک لوڈ منیجمنٹ کے باعث شاہین آفریدی صرف وائٹ بال اسکواڈ میں شامل ہیں۔
لازمی پڑھیں۔ جنوبی افریقا کا پاکستان کیخلاف ٹی 20 سیریز کیلئے اسکواڈ کا اعلان
بابراعظم ، محمد رضوان، صائم ایوب ،سلمان آغا تینوں اسکواڈز میں شامل ہیں جبکہ فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔
ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے فخر زمان کو اسکواڈ میں شامل نہ کیے جانے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی فارم اور میچ فٹنس حاصل نہیں کر سکے ہیں اس لئے ان کے نام پر غور نہیں کیا گیا۔
شاہین آفریدی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ فاسٹ باؤلر کو ریڈ بال اسکواڈ کا حصہ اس لیے نہیں بنایا گیا کہ وہ چیمپئنز ٹرافی کے لئے جسمانی اور ذہنی طور پر تازہ دم رہیں۔
عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ ساجد خان کو اسکواڈ میں شامل نہ کرنا ایک مشکل فیصلہ تھا لیکن جنوبی افریقا میں فاسٹ باؤلنگ کیلئے سازگار کنڈیشنز کے پیش نظر محمد عباس کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔