وزیراعظم شہبازشریف نے ریاض میں ون واٹر سربراہی اجلاس کے موقع پر فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون سے دو طرفہ ملاقات کی جس دوران زراعت،لائیواسٹاک،آئی ٹی،اورپینےکے صاف پانی کےشعبوں میں بزنس ٹوبزنس روابط کےذریعےتعاون بڑھانےپراتفاق کیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے ریاض میں ون واٹرسمٹ کی کامیاب مشترکہ میزبانی پر صدر میکرون کو مبارکباد دی ۔ موسمیاتی تبدیلی اورترقیاتی امور پر فرانس کے قائدانہ کردار کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کے تناظر میں صدر میکرون کی پاکستانی عوام کے لیے بھرپور حمایت کو سراہا ۔
دونوں رہنمائوں نے زراعت،لائیواسٹاک،آئی ٹی،اور پینے کے صاف پانی کے شعبوں میں بزنس ٹو بزنس روابط کے ذریعے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں بشمول سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ سمیت کثیرالجہتی فورمز پر تعاون پرتبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی طور پر مفید اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زوردیا۔ وزیراعظم کی فرانس کو پاکستان میں سرمایہ کاری کےمواقع بالخصوص موسمیاتی موافقت اورقابل تجدیدتوانائی سے استفادہ حاصل کرنےکی دعوت دی ۔