انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کے سابق چیئرمین گریگ بارکلے نے نئے چیئرمین جے شاہ کو اہم مشورہ دے دیا۔
آئی سی سی کے سابق چیئرمین گریگ بارلے نے کرکٹ ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ کرکٹ کیلنڈر شدید مصروف اور اراکین کے ذاتی مفادات نے کھیل کو بدنظمی کا شکار بنا دیا ہے اور مجھے بھی اندازہ نہیں کہ کون سی ٹیم چیمپئنز ٹرافی میں کہاں کھیل رہی ہے۔
گریگ بارکلے کا کہنا تھا کہ کرکٹ اتنی زیادہ ہوچکی ہے اندازہ ہی نہیں ہوتا کہ کون کہاں کھیل رہا ہے جبکہ سری لنکا کی جنوبی افریقہ میں موجودگی کا تب پتہ چلا جب مارکو جانسن کی 7 وکٹوں کی خبر پڑھی۔
انہوں آئی سی سی کے نئے چیئرمین جے شاہ کو مشورہ دیا کہ بھارت کی طاقت کو عالمی کرکٹ کے فائدے کے لیے استعمال کریں لیکن کھیل کو صرف بھارت کے زیر اثر نہ بنائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نشریاتی معاہدے کی موجودہ مالیت اصل ویلیو سے بہت زیادہ ہے لیکن مستقبل میں کمی کا امکان ہے، 2.4 بلین بھارت سے حاصل ہوتے ہیں اور باقی دنیا کی آمدنی بھارت کے مقابلے میں صرف 10 فیصد ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغان بورڈ خواتین کرکٹ کی بحالی میں رکاوٹ نہیں بلکہ حکومتی قوانین کے تحت کام کر رہا ہے، اصول کی بات ہے تو ورلڈ کپ میں افغانستان کے خلاف بھی نہ کھیلیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹی 20 لیگز نے کرکٹ کیلنڈر کو مزید مصروف بنا دیا، امریکا، یو اے ای اور جنوبی افریقہ کی لیگز نے صورتحال مزید پیچیدہ کر دی، نئی حکمت عملی کے بغیر کرکٹ کو مالی مشکلات کا سامنا ہوگا۔