قائد ن لیگ نوازشریف نے وطن واپسی پر گرفتاری سے بچنے کےلیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق نواز شریف نے وطن واپسی پر گرفتاری سے بچنے کےلیے درخواست دائر کر دی،درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سرنڈر کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔ کیسز کا سامنا کرنا چاہتے ہیں،عدالت تک پہنچنے کے لیے گرفتاری سے روکا جائے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ نواز شریف 21 اکتوبر کو اسلام آباد لینڈ کریں گے، نواز شریف خصوصی فلائٹ سے اسلام آباد آرہے ہیں، عدالت تک پہنچنے کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں حفاظتی ضمانت کیلئے دائر درخواست کو نمبر الاٹ کردیا۔ وکلاء نے درخواست پر سماعت آج ہی کرنے کی استدعا کررکھی ہے۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں سزا یافتہ ہیں، احتساب عدالت نے نواز شریف کو 10 سال قید اور 80 لاکھ پاؤنڈ کی سزا سنائی تھی، العزیزیہ ریفرنس میں احتساب عدالت نے نواز شریف کو 7 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کو 10 سال کیلئے عوامی عہدے کیلئے بھی نااہل قرار دیا گیا تھا۔