امریکا کے صدر جوبائیڈن نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ کے ہسپتال میں ہونے والا حملہ اسرائیلی فضائیہ نے نہیں بلکہ ’ ممکنہ طور پر دوسری ٹیم ‘ نے کیا ہے، تاہم، وہ اپنے اس دعوے کا کوئی ثبوت فراہم نہیں کر سکے۔
یاد رہے کہ منگل کی رات صہیونی فضائیہ کی جانب سے غزہ کے ایک ہسپتال کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں 500 سے زائد فلسطینیوں کی شہادت جبکہ سینکڑوں کے زخمی ہونے کے اطلاعات سامنے آئیں۔
امریکی صدر جوبائیڈن اسرائیل پہنچ چکے ہیں جہاں ان کا استقبال اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کیا جبکہ وہ اپنے دورے کے دوران اسرائیلی ’ جنگی کابینہ ‘ کے اراکین سے ملاقاتیں کریں گے۔
بائیڈن ، یاہو ملاقات
عرب اور مغربی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران بائیڈن نے انہیں بتایا ہے ’ غزہ کے ہسپتال پر ہونے والا حملہ آپ نے نہیں بلکہ ممکنہ طور پر دوسری ٹیم کی جانب سے کیا گیا ہے۔
ملاقات کے دوران بائیڈن نے نیتن یاہو سے کہا کہ واشنگٹن اسرائیل کو غزہ میں جاری جنگ کے دوران اپنے دفاع کے لیے ہر وہ چیز فراہم کرے گا جس کی اسے ضرورت ہوگی۔
بائیڈن نے مزید کہا کہ 7 اکتوبر کو اسرائیل پر ہونے والے حملوں کے نتیجے میں اب تک 1400 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں 31 امریکی شہری بھی شامل ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت
دوسری جانب فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ کے حملوں میں شہید ہونے والے افراد کی تعداد 3300 تک پہنچ چکی ہے جبکہ 13000 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔
اسرائیل
حماس کے حملوں میں 1400 اسرائیلی ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 4 ہزار 475 افراد زخمی ہیں۔