وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان جاری مختلف منصوبوں کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ برادر ملک کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعاون اور سرمایہ کاری کی پیشرفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا دیرینہ دوست ہے جس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ متعدد شعبوں میں اشتراک جاری ہے جسے مزیدوسعت دینا چاہتے ہیں۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم کو نومبر میں منعقدہ پاکستان سعودی عرب جوائنٹ ٹاسک فورس کے دوسرے اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی ۔
بریفنگ میں بتایا گیا قلیل عرصے میں دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے 34 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے جس میں سے 7 کومعاہدوں کی شکل دی جا چکی ہے جس کی مالیت 560 ملین ڈالر ہے۔