رینجرز اور پولیس نے اسلام آباد کی جانب سے مظاہرین کے خلاف گرینڈ آپریشن، اسلام آباد کو خالی کرالیا گیا جبکہ پولیس نے شر پھیلانے والے پانچ سو سے زائد کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔
اسلام آباد کو خالی کروالیاگیا ہے ، کارروائی کے دوران متعدد گرفتاریاں کی گئی ہیں جبکہ تحریک انصاف کی قیادت کے لیے تیار کیے گئے کنٹینر میں آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں کنٹینر جل کر خاکستر ہوگیا۔
علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی بھی بلیو ایریا سے چلے گئے۔ دونوں ایک ہی گاڑی میں روانہ ہوئے ۔ راولپنڈی پولیس نے بھی جلاؤ گھیراؤ میں ملوث شر پسند عناصر کے خلاف بڑا آپریشن کیا۔ چار سو سے زائد شرپسند عناصر کو گرفتار کرلیا گیا ۔
پولیس کے مطابق مظاہرین سے بھاری مقدار میں اسلحہ، ایمونیشن، وائر لیس، کمیونی کیشن کے آلات برآمد کرلئے گئے ۔ اٹک پل سے بھی فرار ہونے والے درجنوں مظاہرین حراست میں لیے گیے۔
تحریک انصاف کا احتجاج ختم کرنے کا اعلان
پاکستان تحریک انصاف نے حکومتی آپریشن کے بعد اسلام آباد میں احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ ترجمان پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا کہ آپریشن کے نام پر سیدھی گولیاں ماری گئیں ۔ چیف جسٹس پاکستان معاملے پر ازخود نوٹس لیں۔ کہا بانی کی ہدایات کی روشنی میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور محفوظ ہیں۔
پی ٹی آئی والے کتنی بار ایسا کریں گے ،محسن نقوی
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈا پور اور بشریٰ بی بی ابھی تک فرار ہیں ۔ پی ٹی آئی کے احتجاج میں جو مرکزی لوگ ملوث تھے سب کے خلاف مقدمات درج ہوں گے ۔ دھونس دھمکی سے ان کے ساتھ مذاکرات نہیں ہو سکتے ۔
آپریشن کے بعد ڈی چوک میں میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بولے آج سے تمام سڑکیں اور موبائل فون سروس کھول دیں گے ۔ جمعرات سے اسکول بھی کھل جائیں گے۔ محسن نقوی نے کہا پی ٹی آئی والوں سے کہوں گا اب بس کر دیں۔