گزشتہ چار ماہ میں پاکستانی برآمدات میں ایک ارب 29 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوگیا جبکہ جولائی تا اکتوبر کے دوران برآمدات 10 ارب 88 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گئیں۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پاکستانی برآمدات میں 4 ماہ میں 1 ارب 29 کروڑ ڈالر اضافہ ہوا اور جولائی تا اکتوبر برآمدات 13.55 فیصد اضافے سے 10 ارب88 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرگئیں جبکہ اس دوران ٹیکسٹائل 6 ارب ڈالر اور خوراک 2 ارب 36 کروڑ ڈالر کی ایکسپورٹ ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق چار ماہ میں مینوفیکچرنگ مصنوعات بھی 1 ارب 43 کروڑ ڈالر کی برآمد کی گئیں اور ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات میں 58 کروڑ ڈالر یعنی 10.44 فیصد اضافہ ہوا۔
اونی ملبوسات کی برآمدات میں 19 فیصد اضافہ ہوا اور حجم 1 ارب 75 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا کہ ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات 24.40 فیصد اضافے سے 1 ارب 35 کروڑ ڈالر رہی، 4 ماہ میں سوتی کپڑے کی ایکسپورٹ 5.25 فیصد بڑھی اور 68 کروڑ ڈالر رہی جبکہ ٹاؤلز کی ایکسپورٹ میں 5.47 فیصد اضافہ ہوا اور حجم 35 کروڑ 64 لاکھ ڈالر رہا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ پردوں سمیت میڈ اپ آرٹیکلزایکسپورٹ 12.46 فیصد اضافے سے 26 کروڑ37 لاکھ ڈالر رہی، بیڈ ویئر کی ایکسپورٹ 13 فیصد اضافے سے 1 ارب ڈالر سے زیادہ رہی۔
سوتی دھاگے اور خام کپاس کی ایکسپورٹ میں 45 سے 100 فیصد تک کمی آئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق پلاسٹک میٹریل کی ایکسپورٹ میں 57 فیصد اضافہ ہوا اور حجم 18 کروڑ 27 لاکھ ڈالر رہا جبکہ ادویات کی برآمدات 31 فیصد بڑھ کر 14 کروڑ 18 لاکھ ڈالر ہوگئی۔