جاپان نے پاکستان کیلئے ایک کروڑ پچاسی لاکھ ڈالر گرانٹ کی منظوری دے دی ،رقم فلڈ مینجمنٹ پراجیکٹ کے لئے استعمال کی جائے گی۔
اقتصادی امورڈویژن کے مطابق جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی پاکستان کو پانچ ارب گیارہ کروڑ روپے فراہم کرے گی،اس سلسلے میں اسلام آباد میں وزارت اقتصادی امور میں دستخطوں کی تقریب ہوئی۔ پاکستان کی جانب سے سیکرٹری اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز اور جاپانی سفیر واڈا مٹسوہیرو نے دستخط کئے۔
اقتصادی امورڈویژن کےمطابق منصوبے کےذریعے سیلاب سےمتعلق پیش گوئی کے نظام میں بہتری آئے گی۔سیکرٹری اقتصادی امور نے کہا کہ فلڈ مینجمنٹ منصوبے میں تعاون پر جاپان کے شکرگزار ہیں۔جاپانی سفیر نے حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔