چیئرمین اور وائس چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف اڈیالہ جیل میں قائم آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت میں سائفر کیس کی سماعت کل ہوگی۔ چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پر کل سائفر کیس میں فردجرم عائد ہونی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جیل میں ٹرائل کیلئے پی ٹی آئی وکلاء کی فہرست عدالت میں جمع کروادی گئی، وکلاء میں عمیرنیازی، سلمان صفدر، نیازاللہ نیازی، خالدیوسف و دیگر شامل ہیں۔ جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے آٹھوں وکلاء کو اڈیالہ جیل داخلے کی اجازت دے دی۔
خیال رہے کہ 9 اکتوبر کو آفیشل سیکرٹ ایکٹ 1923 کے تحت خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو چالان کی نقول فراہم کر دی جس کے بعد 17 اکتوبر کو فرد جرم عائد کرنے کے لیے تاریخ مقرر کردی گئی ہے۔
یاد رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے 30 ستمبر کو عدالت میں چالان جمع کرایا تھا جس میں مبینہ طور پر عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے سیکشنز 5 اور 9 کے تحت سائفر کا خفیہ متن افشا کرنے اور سائفر کھو دینے کے کیس میں مرکزی ملزم قرار دیا۔