عوامی نیشنل پارٹی ( اے این پی ) سے 40 سال تک وابستہ رہنے والے سابق سینٹر زاہد خان نے مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرلی۔
اے این پی کے سابق مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور سابق سینیٹر زاہد خان نے مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرلی ہے اور وفاقی وزیر برائے کشمیرامور امیر مقام نے زاہد خان اور ان کے ساتھیوں کو مسلم لیگ ن کی ٹوپیاں پہنائیں۔
زاہد خان کی شمولیتی تقریب لوئر دیر اوڈیگرام ہاؤس میں منعقد ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سیاست سےاستعفیٰ دیاتھا لیکن نوازشریف اورشہبازشریف کی دعوت پر مسلم لیگ ن کے پلیٹ فارم سے دوبارہ سیاست میں آنے کا اعلان کرتا ہوں۔
تقریب سے خطاب میں امیر مقام کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے صوابی جلسہ میں امریکی جھنڈا لہرا کر پاکستان کے شہیدوں کی بے حرمتی کی ہے، پی ٹی آئی نے پاکستانی معیشت کو خراب کرنے کیلئے آئی ایم ایف کو خطوط لکھے، خیبرپختونخوا حکومت ایک طرف پی آئی اے خریدنے کی بات کرتے ہیں دوسری طرف اساتذہ کو انکے جائز حقوق دینے سے انکاری ہیں۔
امیر مقام کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے پی ٹی آئی کو صوبہ کے مسائل کیلئے ووٹ دیا ہے، سٹیٹ پر چڑھائی کیلئے نہیں، پی ٹی آئی دوغلی اور منافقت کی سیاست کر رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹرمپ کے نام پر آپ کو کبھی این آر او نہیں ملے گا، این ایچ اے اور کمیونیکیشن کے افسران میرے ساتھ موجود ہیں یہاں ضلع بھر میں سڑکوں پر جلد کام شروع کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ زاہد خان کے پانچ ماہ قبل اے این پی کے موجودہ صدر ایمل ولی خان سے پارٹی امور پر اختلافات بڑھ گئے تو سیاسی سے کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا۔
سماء سے خصوصی گفتگو
زاہد خان نے سماء سے بات چیت میں کہا کہ انہوں نے خاندان اور قریبی ساتھیوں کی مشاورت سے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا فیصلہ کیا جس کی دعوت وزیر اعظم شھباز شریف نے دی تھی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سمیت مختلف پارٹیوں نے اس دوران رابطے کئے مگر انہوں نے مسلم لیگ ن کے ساتھ چلنے کا فیصلہ کیا ہے ۔