چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن اور سپریم جوڈیشل کونسل کے اہم اجلاس آج ہوں گے۔
سپریم کورٹ میں اعلیٰ عدلیہ کے حوالے سے آج دو اہم اجلاس ہوں گے، جوڈیشل کمیشن آف پاکستان اور سپریم جوڈیشل کونسل کے الگ الگ اجلاس کی صدارت چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کریں گے۔
جوڈیشل کمیشن آف پاکستان اور سپریم جوڈیشل کونسل دونوں کے اجلاس عدالتی وقت کے بعد ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن کے اجلاس کے دوران سندھ میں آئینی بینچ کے قیام سے متعلق بینچ سربراہ اور رکن ججز کی نامزدگی متوقع ہے ۔
چھبیسویں آئینی ترمیم میں طے تھا کہ سپریم کورٹ کے بعد ہائیکورٹس میں بھی آئینی بینچز بنیں گے ۔
سپریم جوڈیشل کونسل میں اعلیٰ عدلیہ کے ججز کیخلاف موجود شکایات کا جائزہ لیا جائے گا اور یہ غور بھی کیا جائے گا کہ کتنی شکایات قابل عمل اور کونسی شکایات غیرمؤثر ہیں ۔