پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور سیکرٹری جنرل شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ حکمران ٹولہ جمہوریت اور آئین و قانون کو نہیں مانتا۔
بدھ کو اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور دیگر رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ملک میں لاقانونیت کا سلسلہ بڑے عرصہ سے جاری ہے، ایم این اے خواجہ شیراز کیساتھ بھی پرانا طریقہ اختیار کیا گیا، نقاب پوش لوگوں نے رات کی تاریکی میں خواجہ شیراز کو گھر سے اٹھایا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں، کوئی خبر نہیں خواجہ شیرازکہاں ہیں؟۔
ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی نے ارکان کے تحفظ کیلئے کچھ نہیں کیا، ایک پارلیمنٹیرین کو تحفظ حاصل نہیں تو وہ عوام کیلئے کیا آواز اٹھا سکتا ہے۔
اس موقع پر شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ ہر رکن قومی اسمبلی کے ساتھ یہی ہو رہا ہے ، حکمران ٹولہ جمہوریت اور آئین و قانون کو نہیں مانتا، سارے ایکشن کو عدالت میں چیلنج کریں گے اور احتجاج بھی کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بس بہت ہو گیا ، یہ سلسلہ اور تماشہ اب بند کیا جائے۔