بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان اور انکی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین ملین پاؤنڈ ریفرنس حتمی مراحل میں داخل ہوگیا۔
بدھ کو اڈیالہ جیل میں احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت کی وکلا جس کے دوران بانی پی ٹی آئی کے وکیل ظہیرعباس اور بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل نے گواہوں پر جرح کی۔
وکلاء صفائی 37 ویں سماعت پر جرح مکمل کرنے میں کامیاب ہوئے، بانی پی ٹی آئی کے وکیل چودھری ظہیرعباس نے 20 سماعتوں اور بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل نے 14 سماعتوں میں جرح مکمل کی۔
نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں مزید کوئی شواہد پیش نہیں کرنا چاہتے۔
عدالت کی جانب سے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے 342 کے بیان کیلئے 8 نومبرکی تاریخ مقرر کی گئی اور 8 نومبر کو عدالت دونوں کو 342 کے بیان کے سوالنامے فراہم کرے گی۔
بعدازاں، عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت 8 نومبر تک ملتوی کر دی۔