اسموگ کے باعث لاہور میں جمعے، ہفتے اور اتوار کو اسکول، کالجز اور یونیورسٹیز بند کرنے کی تجویز پیش کر دی گئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اسموگ کے تدارک کے لیے صوبائی دارالحکومت لاہور میں جمعے، ہفتے اور اتوار کو تمام تعلیمی ادارے بند کرنے اور گلبرگ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں بھی گرین لاک ڈاؤن لگانے کے لیے تجاویز تیار کر لی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق شملہ پہاڑی کے بعد گلبرگ، لبرٹی، ایم ایم عالم روڈ اور مین مارکیٹ کا علاقہ بھی گرین لاک ڈاؤن کی فہرست میں شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ کمشنر لاہور ڈویژن اور سیکرٹری ماحولیات سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کو تجاویز دیں گے۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے اسموگ کے باعث لاہور میں اسکول ایک ہفتے کےلیے بند کرنے کا اعلان کیا ہے، اسموگ کے باعث لاہور میں سرکاری اور نجی اسکولوں میں چھٹیاں ہوں گی، ایک ہفتے کیلئے پانچویں جماعت تک اسکولوں میں چھٹی ہوگی۔ لاہور میں نرسری سے پانچویں جماعت تک اسکولز بند رہیں گے۔ فیصلے کا اطلاق 4 نومبر سے 9 نومبر تک ہوگا۔