سولر پینلز کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کر دیا گیا، 5 سے 15 کلوواٹ کے سولر سسٹم ایک سے 2لاکھ روپے مہنگے ہوگئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق مارکیٹ میں کمپنیوں نے آن گرڈ سسٹم پر قیمتوں میں اضافہ کیا ہے،عوام کو ہائبرڈ سسٹم کے لئے بیٹریوں کی اضافی قیمت ادا کرنا پڑے گی۔
مارکیٹ کمپنیوں کے مطابق 5 کلو واٹ کا سولر سسٹم ایک لاکھ روپے اضافے سے 7 لاکھ 50 ہزار روپے، 7 کلوواٹ کا سسٹم ڈیڑھ لاکھ روپے اضافے کے ساتھ ساڑھے 8 لاکھ روپے،10 کلوواٹ سسٹم کی قیمت میں 2 لاکھ روپے اضافہ ہوا جس سے قیمت 11 لاکھ 50 ہزار روپے ہو گئی۔
12 کلوواٹ کا سسٹم ڈیڑھ لاکھ روپے اضافے سے 12 لاکھ 50 ہزار روپے جبکہ 15 کلو واٹ سسٹم کی قیمت ڈیڑھ لاکھ روپے اضافے سے 14 لاکھ روپے کا ہوگیا۔ اس طرح سولر پینلز کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں سولر پینلز کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ طلب میں اضافہ اور درآمدات میں کمی ہے۔ مارکیٹ کے رجحانات سے واقف افراد نے پہلے ہی پیش گوئی کی تھی کہ سولر پینلز کی قیمتیں آنے والے مہینوں میں مستحکم رہ سکتی ہیں یا مزید بڑھ سکتی ہیں، کیونکہ درآمدات کی حجم میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔