رواں مالی سال انکم ٹیکس گوشواروں کی تعداد 51 لاکھ 52 ہزار سے تجاوز کر گئی۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر ) کی نان فائلرز پر پابندیوں کی دھمکی کام کرگئی، بجلی گیس کے کنکشن اور موبائل سم بچانے جبکہ بیرون ملک سفر سمیت دیگر پابندیوں سے بچنے کے لیے شہریوں نے سمجھداری اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور 22 لاکھ 62 ہزار سے زائد افراد فائلر بن گئے جبکہ انکم ٹیکس گوشواروں کی تعداد 78 فیصد اضافے کے ساتھ 51 لاکھ 52 ہزار تک پہنچ گئی۔
ایف بی آر کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال 31 اکتوبر تک 28 لاکھ 90 ہزار 944 گوشوارے داخل کیے گئے تھے۔
رواں سال، گوشواروں کے ساتھ جمع شدہ ٹیکس میں بھی 74 فیصد یعنی 55 ارب روپے کا اضافہ ہوا جس سے کل جمع شدہ ٹیکس 130 ارب 60 کروڑ روپے تک پہنچ گیا۔
گزشتہ سال اسی مدت میں 75 ارب 14 کروڑ روپے کا ٹیکس جمع ہوا تھا۔
ایف بی آر کے مطابق سال 2024 میں 20 لاکھ 7 ہزار 508 افراد نے قابل ٹیکس آمدنی صفر ظاہر کی ہے جو مجموعی گوشواروں کا 39 فیصد بنتا ہے۔
جولائی 2023 سے اب تک 13 لاکھ 8 ہزار 182 افراد نئے فائلرز بنے ہیں جبکہ جولائی 2024 سے 6 لاکھ 31 ہزار 713 افراد نے نئی رجسٹریشن کرائی ہے۔