لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان کی 9 مئی کے 4 مقدمات میں ضمانتوں پر پراسکیوشن کو دلائل کا آخری موقع دے دیا۔
ہفتہ کو اے ٹی سی کے جج ارشد جاوید نے بانی پی ٹی آئی کی ضمانتوں کی درخواست پر سماعت کی جس کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ سیاسی بنیادوں پر مقدمات میں نامزد کیا گیا، ہمارے دلائل مکمل ہوچکے ہیں پراسکیوشن دلائل نہیں دے رہی۔
پراسکیوٹر نے بتایا کہ اسپیشل پراسکیوٹر بیماری کے باعث پیش نہیں ہوسکتے، عدالت آخری موقع فراہم کرے۔
عدالت میں پراسکیوشن نے لکھ کر دیا کہ آئندہ سماعت پر دلائل مکمل کریں گے۔
عدالت نے قرار دیا کہ اگر آئندہ سماعت پر اسپیشل پراسکیوٹر پیش نہ ہوئے تو ریکارڈ دیکھ کر فیصلہ ہو جائے گا۔
دوسری جانب بانی پی ٹی آئی کی دوسرے جج کے پاس جلاؤ گھیراؤ کے 8 مقدمات میں ضمانتوں کی درخواست پر کارروائی نا ہوسکی اور سماعت پانچ اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔
بعدازاں، وکیل سلمان صفدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے تمام کیسز نومبر کے مہینے میں حل ہو جائیں گے اور ضمانتیں مل جائیں گی۔