خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 8 خوارج ہلاک جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا میجر اور 2 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کےشعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق بنوں کے علاقے بکاخیل میں سیکیورٹی فورسزکی جانب سے خفیہ اطلاعات پر دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیا گیا جس کے دوران 8 خوارج مارے گئے جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔
آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں پاک فوج کا ایک میجر اور 2 جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 31 سالہ میجر عاطف خلیل کا تعلق آزاد کشمیر کے علاقے سدھنوتی سے ہے جبکہ دیگر شہداء میں کرک کے 36 سالہ نائیک آزاد اللہ اور لیہ کے 35 سالہ لانس نائیک غضنفر عباس شامل ہیں۔
میجرعاطف خلیل شہید نے 8 سال سے زائد عرصے تک دفاعِ وطن کا مقدس فریضہ سر انجام دیا اور ان کے سوگواران میں والدین، بہن بھائی ، اہلیہ اور ایک بیٹی شامل ہیں۔
نائیک آزاد اللہ شہید نے اپنی زندگی کے 15 سال پاک فوج میں رہتے ہوئے وطن عزیزکا دفاع کیا اور ان کے سوگواران میں اہلیہ ، دو بیٹے اور بیٹی شامل ہیں۔
نائیک غضنفر عباس شہید نے 14 سال تک وطن عزیز کےدفاع کا فریضہ سرانجام دیا اور انکے سوگواران میں اہلیہ، بیٹی اور ایک بیٹا شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ علاقے میں خارجیوں کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
ژوب آپریشن
قبل ازیں بلوچستان کے ضلع ژوب میں بھی سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا جس کے دوران ایک خارجی ہلاک ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے ژوب کے علاقے سمبازہ میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک خارجی ہلاک جبکہ ایک کو گرفتار کر لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔