چین کا کہنا ہے کہ غزہ جنگ میں اسرائیلی اقدام دفاع کی حد سے تجاوز ہے، عالمی برادری کو غزہ کے لوگوں کی مشترکہ سزا کو روکنا چاہیے۔
چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے سعودی ہم منصب فیصل بن فرحان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے جس کے دوران غزہ جنگ پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
ٹیلی فونک گفتگو کے دوران وانگ ای کا کہنا تھا کہ چین عام شہریوں کو نقصان پہنچانے کی مذمت کرتا ہے، تمام فریق کشدگی کو ہوا دینے والے اقدامات سے گریز کریں۔
وانگ ای کا کہنا تھا کہ امدادی راہداری کو جلد از جلد کھول دینا چاہیے اور فریقین کو مذاکرات کی میز پر بیٹھنا چاہیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فلسطینیوں کے ساتھ نصف صدی سے زائد عرصے سے زیادتی ہورہی ہے، امن کے قیام اور دو الگ الگ ریاستوں کے قیام کے لیے آواز اٹھانی چاہیے۔
اس موقع پر فیصل بن فرحان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کو غزہ کے عوام پر حملوں پر سخت تشویش ہے اور ہم غزہ سے شہریوں کے انخلاء کے خلاف ہیں، آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے بغیر مسئلے کا حل ممکن نہیں۔