وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سمیت عالمی شراکت داروں کے تعاون سے ترقی کا عمل آگے بڑھائیں گے۔
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں فیوچر انوسٹمنٹ اینیشیٹو سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کانفرنس کے انعقاد پر سعودی فرمانروا اور ولی عہد کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ان کا ترقی سے متعلق وژن قابل ستائش ہے، پاکستان ترقی اور استحکام کی راہ پرگامزن ہے، عوام کی خوشحالی ہماری اولین ترجیح ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور دوست ملکوں کے تعاون سے معاشی استحکام ممکن ہوا، ہم مل کر ہی مشترکہ مستقبل اور ترقی کی منزل حاصل کرسکتے ہیں، یہ صرف ہماری نہیں بلکہ تمام شراکت داروں کی کامیابی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل ہمارا قیمتی اثاثہ ہے، نوجوانوں کی ترقی کیلئے خصوصی منصوبے شروع کیے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں پر سرمایہ کاری مشترکہ مستقبل کیلئے ضروری ہے، علم پر مبنی معیشت پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت نے انقلاب برپا کر دیا، مصنوعی ذہانت سمیت آئی ٹی کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز ہے،سعودی عرب ، عالمی شراکت داروں کے تعاون سے ترقی کا عمل آگے بڑھائیں گے، تعلیمی اصلاحات کے ساتھ ہنر مند افرادی قوت کی تیاری پر بھی کام کر رہے ہیں، میری حکومت نے معیاری تعلیم کو تمام شہریوں تک پہنچایا۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی ملک دوسرے کی مدد کے بغیر مستقبل کو بہتر نہیں بنا سکتا، آج تمام سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ لگانے کی دعوت دیتا ہوں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ غزہ میں جنگ بندی اور امن کے بغیر دنیا ترقی کی راہ پر آگے نہیں بڑھ سکتی۔