وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ عوام کی طاقت سے حال میں ہی میں منظور ہونے والی 26 ویں آئینی ترمیم ختم کردیں گے۔
منگل کو پشاور میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ من پسند لوگوں کو اہم عہدوں پر لگا کر اپنے مفادات کا تحفظ کیا جاتا ہے، 26 ویں آئینی ترمیم سے عدلیہ پر حملہ کر کے اسے محکوم کر دیا گیا ہے اور عدلیہ میں اپنے لوگ لگا کر مرضی کے فیصلے کرانا چاہتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ ممبر قومی اسمبلی مبارک زیب کے معاملے میں ثابت ہوگیا کہ میرا فیصلہ ٹھیک تھا، میں نے غدار کو پہچان کر اسے ٹکٹ نہیں دیا تھا، جیت اور ہار الیکشن کا حصہ ہے، سیٹ اور حلقہ نہیں بلکہ نظریہ اہم ہوتا ہے، بانی کے نام پر ووٹ دینے والےووٹ کا حق واپس لیں۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ غدار اور بزدلوں کی کیٹگری ایک ہے، پارٹی شوکاز دے کر ووٹ دینے والوں کیخلاف کارروائی کررہی ہے، بانی پی ٹی آئی کی کمر میں چھرا مارنے والے کو فارغ کیا جائے گا، برے وقت میں سب کا پتہ چل رہا ہے، نام سامنے آگئے ہیں پارٹی آج اعلان کر کے شوکاز دے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس بار ملک بھر میں فائنل احتجاج کا پلان بنائیں گے، پورے پاکستان میں ہر طرف سے لوگ نکلیں گے، آگے بڑھنے کیلئے بڑا جذبہ چاہیے، 36 گھنٹے لڑنا مذاق نہیں، کے پی کے لوگ رکاوٹیں پار کرنے میں ببر شیر ہیں، جہاں رکاوٹیں پار نہ کرسکے وہاں احتجاج جاری رہے گا، حکومت سے جان چھڑانے تک احتجاج جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے دور میں دہشتگردی ختم ہو چکی تھی، رجیم چینج کے بعد سے حالات پھر خراب ہوگئے، انہی لوگوں کی پالیسیوں کی وجہ سے حالات دوبارہ خراب ہوئے، ہم حالات کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ڈھائی سال میں حالات ان لوگوں کی وجہ سے بدتر ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی سرمایہ داروں کی جماعتیں ہیں، ان کے سرمایہ داروں کے ساتھ حصے ہوتے ہیں، یہ اپنے بیانات ٹھیک کریں، کے پی کے لوگوں نے دہشتگردی کیخلاف پاکستان کیلئےقربانیاں دیں، عوام میں جائیں انہیں اپنی حیثیت کا پتا چل جائے گا، مریم نواز خود فارم 47 پر وزیر اعلیٰ بن کر بیٹھی ہیں، ادارے سپورٹ کر رہے ہیں ، مل جل کر مینڈیٹ پر ڈاکا مارا گیا، وقت بدلے گا ، یہ سب چیزیں ختم ہو جائیں گی، عوام اپنا چوری ہونے والا مینڈیٹ واپس لیں گے۔، عوام کی طاقت سے یہ ترامیم بھی ختم کردیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی کے گھر میں گھسنے کا راستہ بنایا، یہ راستہ انہوں نے اپنے گھر کیلئے نکالا ہے، ہم بدلہ لیں گے،چھوڑیں گے نہیں، ہم نے پلان کے مطابق کام کرنا ہے، لوگوں کے بچے میری ذمہ داری ہیں ، ان کو لیڈ کروں گا، کسی کے ایجنڈے پر پرتشدد نہیں ہوں گے، سیاسی تحریک کے ذریعے اپنا حق لیں گے۔