چیف جسٹس کی تعیناتی کیلئے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کا عمل شروع کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے چیف جسٹس کی تعیناتی کیلئے پارلیمانی لیڈرز سے کمیٹی ارکان کے نام مانگ لئے۔
ذرائع کے مطابق پارلیمانی کمیٹی بنتے ہی وزارت قانون سے3 سینئر ترین ججز کا پینل طلب کیا جائے گا، کمیٹی ججز کے 3رکنی پینل میں سے نئے چیف جسٹس کا انتخاب کرے گی۔
واضح رہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے تحت چیف جسٹس کی تعیناتی کیلئے 12 رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جانی ہے، کمیٹی کیلئے 8ارکان قومی اسمبلی اور 4ارکان سینیٹ سے لئے جانے ہیں۔ تمام جماعتوں کو پارلیمنٹ میں ان کی تعداد کے تناسب سے کمیٹی میں نمائندگی ملے گی قومی اسمبلی تحلیل ہو تو سینیٹ کے 4 ارکان تقرری کے مجاز ہوں گے، کمیٹی سپریم کورٹ کے 3 سینیئر ترین ججز میں سے کسی ایک کو کثرت رائے سے چیف جسٹس مقرر کرے گی۔
چیف جسٹس کی تقرری قبول نہ کرنے پر ان کے بعد کے سینئر جج کا نام زیر غور لایا جائے گا، کمیٹی کا اجلاس بند کمرے میں ہوگا، اس کی کارروائی ریکارڈ کی جائے گی، کمیٹی اور جوڈیشل کمیشن کے فیصلوں کو کسی عدالت میں چیلنج نہیں کیا جا سکے گا، آرٹیکل 179 میں ترمیم، چیف جسٹس کی مدت زیادہ سے زیادہ 3 سال ہوگی، 3سال گزرنے پر چیف جسٹس کی عمر 65 برس سے کم بھی ہوگی تو ریٹائرڈ کر دیا جائے گا۔