آئینی ترمیم اور سیاسی صورتحال کے باعث وزیراعظم شہبازشریف نے بیرون ملک جانے کا پروگرام ترک کردیا۔ وزیراعظم نے دولت مشترکہ کے سربراہان حکومت کے اجلاس میں شرکت کرنا تھا تاہم بلاول بھٹو زرداری آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد دبئی روانہ ہوجائیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے بیرون ملک جانے کا پروگرام ترک کردیا، وزیراعظم شہباز شریف نے منگل کو سموعہ کے لئے روانہ ہونا تھا، دولت مشترکہ کے سربراہان حکومت کا اجلاس 24اور25 اکتوبر کو ہونا ہے، وزیراعظم کی جگہ وزیرخارجہ کا پاکستان کی نمائندگی کرنے کا امکان ہے۔ آئینی ترمیم ہونے کی صورت میں وزیرخارجہ آج رات روانہ ہوں گے۔
دوسری جانب چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی آج دبئی روانہ ہوں گے، بلاول بھٹو زرداری اپنی ہمشیرہ بختاور اور بھانجوں سے ملاقات کریں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا۔ وفاقی کابینہ آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری آج دے گی۔ قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اہم اجلاس بھی آج دوبارہ ہوں گے۔ دونوں ایوانوں میں آئینی ترامیم منظوری کے لیے پیش کیے جانے کاامکان ہے۔
وفاقی کابینہ 26 ویں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری آج دے گی ۔ اجلاس دوپہر ڈھائی بجے ہوگا۔ اس کے ساتھ سینیٹ کا اجلاس سہ پہر 3 بجے جبکہ قومی اسمبلی کا اجلاس شام 6 بجے طلب کیا گیا ہے۔ آئینی ترمیم کا بل قومی اسمبلی اور سینیٹ میں سپلیمنٹری ایجنڈے کے طور پر پیش کرنے کا امکان ہے۔